وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ ماہ جنیوا میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ پاکستان پر بین الاقوامی کانفرنس کے ایکشن پلان کو ترجیحی بنیادوں پر حتمی شکل دیں۔
کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے جمعرات کو اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے متاثرین کے دکھوں کو دنیا تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے کیونکہ ان سیلابوں سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔
انہوں نےاس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک سیلاب سے متاثرہ ہر ایک فرد کی بحالی نہیں ہو جاتی اس وقت تک پوری عزم کےساتھ کام کریں گے۔ اجلاس میں کانفرنس کےلیےمجوزہ لائحہ عمل پیش کیاگیا۔ بتایاگیا کہ کانفرنس میں دوست ممالک کے ساتھ ساتھ ترقیاتی شراکت داروں اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی بھی شرکت متوقع ہے۔