وزیر خارجہ کا سعودی عرب کی سلامتی کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سعودی عرب کے تحفظ و سلامتی کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

وہ ریاض میں سعودی پاکستان سپریم کوآرڈی نیشن کمیٹی کی سیاسی و سلامتی وزارتی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس کی صدارت وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے مشترکہ طور پر کی۔

دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور تذویراتی تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کی قیادت کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں نے بدلتے علاقائی اور عالمی ماحول کے حوالے سے اپنے تجربات سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا اور بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر، افغانستان، یمن اور شام سمیت باہمی تشویش کے تمام امور پر رابطوں کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ نے دہشت گرد گروپوں کی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے جاری تعاون کی اہمیت پر زور دیا جو خطے کے ممالک کی سلامتی اور استحکام کو کمزور کر رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں برادر ملکوں کے درمیان موجودہ فوجی اور دفاعی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ خبر پڑھیئے

اسکریبل چیمپئن شپ: پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو بھارت میں شکست

پاکستان کے حشام ہادی خان نے بھارت کو بھارت میں شکست دے کر ایشیا کپ …

Show Buttons
Hide Buttons