نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے-الیکٹرک کے صارفین کے لئے ستمبر میں استعمال ہونے والی بجلی پر فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے 70 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے۔
نجی نیوز چینل کے مطابق اس منظوری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد کے-الیکٹرک کو نومبر کے بل میں ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کو تقریباً 7 ارب 78 کروڑ روپے واپس کرنے ہوں گے۔ یہ فیصلہ چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی اور ارکان رفیق اے شیخ اور مقصود انور خان کی زیر صدارت عوامی سماعت کے دوران کیا گیا۔
نیپرا نے کہا کہ اس نے ستمبر کے لئے فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے 70 روپے فی یونٹ کی کمی کی ہے لیکن شواہد اور رسیدوں کی بنیاد پر ڈیٹا کی تصدیق کے عمل کی تکمیل کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
کے-الیکٹرک نے ستمبر میں صارفین سے زائد وصول کیے گئے 7 ارب 74 کروڑ روپے کی واپسی کے لئے فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے 62 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، تاہم ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد نیپرا نے 4 روپے 70 پیسے فی یونٹ کی کمی کی جس سے 7 ارب 78 کروڑ روپے واجب الادا ہوں گے۔