پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادجموں وکشمیر کا 75واں یوم تاسیس کل منایا جائے گا۔
کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر کے کشمیری کل آزاد جموں و کشمیر کا 75 واں یوم تاسیس اس عہد کی تجدید کے ساتھ منائیں گے کہ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی آزادی اور پورے علاقے کے پاکستان سے الحاق تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
آزاد کشمیر کا یوم تاسیس 24 اکتوبر 1947 کو ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کرنے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر مساجد میں پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی جلد آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ تمام ضلعی اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں قومی پرچم لہرانے کی سادہ اور پروقار تقریبات ہوں گی۔