پاکستان کی قیادت کی جانب سے شی چن پھنگ کو تیسری بار عوامی جمہوریہ چین کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

پاکستان کی قیادت نے شی چن پھنگ کو تیسری بار عوامی جمہوریہ چین کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شی چن پھنگ کو تیسری بار کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کا جنرل سیکریٹری منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ ٹوئٹرپر جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ شی چن پھنگ پاکستان کے حقیقی دوست اور پاکستان اور چین کے درمیان تمام موسموں کی اسٹرٹیجک شراکت داری کے علمبردار ہیں۔ صدرِ مملکت نے شی چن پھنگ کی اچھی صحت اور خوشگوار زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شی چن پھنگ کو تیسری بار کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کا جنرل سیکریٹری منتخب ہونے پر پوری پاکستانی قوم کی طرف سے مبارکباد دی ہے۔ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ چین کے عوام کی خدمت کے لیے شی چن پھنگ کی دانشمندانہ ذمہ داری اور غیر متزلزل لگن کو ایک شاندار خراج تحسین ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شی چن پھنگ کو تیسری بار عوامی جمہوریہ چین کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردہ پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ اقدام چینی قوم کے شی چن پھنگ کی مدبرانہ قیادت پر پائیدار اعتماد کی عکاسی کرتا ہے اور چین کیلئے ان کی زندگی بھر کی خدمات کا اعتراف ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے چینی صدر شی چن پھنگ کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کا تیسری بار جنرل سیکریٹری منتخب ہونے پر تہنیتی پیغام ارسال کیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شی چن پھنگ پاکستان کے عظیم دوست اور پاک-چین دوستی کے پرجوش حامی ہیں۔ وزیر خزانہ نے چینی صدر کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان پاک-چین مشترکہ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے  اور دوطرفہ تعلقات میں مزید پیشرفت کیلئے پرعزم ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر چینی صدر شی چن پھنگ کیلئے مسلسل تیسری بار کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کا سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام تحریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شی چن پھنگ کی مدبرانہ قیادت میں چین ہر میدان میں بے مثال ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور عوام کیلئے چین کے ساتھ تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔

یہ خبر پڑھیئے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی الوداعی ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے …

Show Buttons
Hide Buttons