وزیراعظم محمد شہباز شریف کاسیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالہ سے آن لائن جائزہ اجلاس سے خطاب

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال کے باعث پوری دنیا اور اداروں کو پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا، کھڑے پانی سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے، لاکھوں بچے خوراک سے محروم ہیں، ہم آئی ایم ایف پروگرام کی پوری طرح پاسداری کریں گے، موجودہ صورتحال میں پاکستان اپنے وسائل سے معاشی اور سیلابی چیلنجز کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہے۔

سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالہ سے آن لائن جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ نیب میں دائر ریفرنس میں وفاقی وزیر احسن اقبال کی بے گناہی پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہائی کورٹ نے انہیں جو کلین چٹ دی ہے، یہ خوش آئند بات ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کس طریقے سے گذشتہ حکومت نے اپوزیشن کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کر کے ان کو سزا دلوانے کی بھونڈی کوشش کی۔ یہ فیصلہ نیک شگون ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم نے ورلڈ بینک کے صدر، آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر کے ساتھ ملاقات کی جس میں بڑی تفصیل کے ساتھ پاکستان میں سیلاب کی صورتحال سے انہیں آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے اس پر اظہار افسوس کیا اور پاکستان کو اس مشکل وقت میں ہرممکنہ مدد کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نے کہاکہ میں نے انہیں بتایا کہ کس طرح لاکھوں بچے خوراک سے محروم ہیں اور ان کے بیماری میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے، وہاں پر بڑی تعداد میں بچے بخار اور ڈائیریا میں مبتلا ہیں، وہاں کھڑے پانی سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے، انہیں بتایا کہ ہم آئی ایم ایف پروگرام کی پوری طرح پاسداری کریں گے تاہم اس وقت معاشی صورتحال کے ساتھ سیلاب کی جو تباہ کاریاں ہیں، صرف پاکستان کے عوام اپنے وسائل سے ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا، دوست ممالک اور ترقی یافتہ ممالک کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، عالمی تنظیمیں، ورلڈ بینک اور دیگر اداروں کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے جتنی بھی ریلیف ممکن ہو سکے وہ لینے کی کوشش کرنی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نے اس سے پوری طرح اتفاق کیا اور مشکل کی اس صورتحال میں پاکستان کا پوری طرح ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی اور ہرممکنہ امداد کی جائے گی۔ وزیر خزانہ، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور وزیر اطلاعات بھی ان ملاقاتوں میں شریک تھیں۔

یہ خبر پڑھیئے

اوپیک پر کمزور ہوتی امریکی گرفت

اوپیک پر کمزور ہوتی امریکی گرفت

Show Buttons
Hide Buttons