تازہ ترین

مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کو خط

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں ان کی توجہ بھارتی کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیرکی سنگین صورتحال کی جانب دلائی گئی ہے۔

جمعہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو خط میں یاد دلایا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر میں وحشیانہ فوجی محاصرے اور مقبوضہ علاقے کے لوگوں کی بنیادی آزادیوں پر سخت پابندیوں کے ساتھ غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات نافذ کیے تھے، ان اقدامات کے بعد اضافی غیر قانونی اقدامات کئے گئے جن میں غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیاں اور کشمیری قیادت کی قید کی صورت میں سنگین مظالم شامل ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں؛ غیر قانونی گرفتاریوں اور فوجی آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات بین الاقوامی قانون اور چوتھے جنیوا کنونشن کے ساتھ ساتھ سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل او آئی سی کی قراردادوں کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اس سال 23 مارچ کو اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل کے 48 ویں اجلاس میں ”تنازعہ جموں و کشمیر “کے عنوان سے منظور کردہ قرار داد نے 5 اگست کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو مسترد کردیا تھا، 2019 اور اس کے بعد کے بھارتی اقدامات مقبوضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے اور مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے ہیں، قرارداد میں بھارت کے 5 اگست 2019 اور اس کے بعد کیے گئے تمام غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو واپس لینے اور جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مکمل نفاذ کے لیے ٹھوس اور بامعنی اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔

وزیر خارجہ نے کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے لیے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی حمایت پر او آئی سی کے مستقل اور اصولی موقف کو سراہتے ہوئے او آئی سی پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعہ کا دیرپا حل تلاش کرنے کی سفارتی کوشش کی قیادت کرے اور مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا رہے۔

وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی بیش بہا قربانیوں اور دلیرانہ کاوشوں کی تاریخ کا احترام کرتے ہوئے او آئی سی کے پلیٹ فارم سے مزید اقدامات کرکے مقبوضہ کشمیرکے لوگوں کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کریں اور او آئی سی فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ علاقے تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرے

یہ خبر پڑھیئے

شیاؤمی نے انسان نماء روبوٹ سائبر ون کو مارکیٹ میں متعارف کروا دیا

شیاؤمی نے انسان نماء روبوٹ سائبر ون کو مارکیٹ میں متعارف کروادیا چین کی سمارٹ …

Show Buttons
Hide Buttons