وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت تحریک انصاف کو غیرملکی فنڈنگ حاصل کرنے والی سیاسی جماعت قرار دینے کے بعد سپریم کورٹ کو ریفرنس بھجوائے گی۔
اسلام آباد میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمانی امور، قانون و انصاف اور امور داخلہ کی وزارتیں الیکشن کمیشن کے تفصیلی فیصلے کا بغور جائزہ لیں گی جس کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈز استعمال کے حوالے سے سپریم کورٹ میں پہلے ہی ریفرنس دائر کر چکے ہیں جس پر عدالت عظمیٰ نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن اس درخواست کو نمٹائے گا۔