پاکستان نے اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی کی طرف سے منظور کی جانے والی اس قرارداد کی مکمل حمایت کی ہے جس میں وسطی ایشیاء کو امن اعتماد اور تعاون کا خطہ قرار دیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اس قرارداد اور اس کے مقاصد کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اپنے وسطی ایشیائی ہمسایہ ممالک کے ساتھ روابط کے قیام اور تجارت سرمایہ کاری نقل و حمل توانائی اور دوسرے شعبوں میں تعاون کیلئے پر عزم ہے۔
پاکستانی مندوب نے خطے میں دیرپا امن کیلئے افغانستان میں امن اور سلامتی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے افغان حکومت کے ساتھ اس کے تمام چھ براہ راست ہمسایہ ممالک کی طرف سے مستقل روابط کی ضرورت پر بھی زور دیا۔