تازہ ترین
پاکستان اور الجیریا کے مابین مشترکہ مذہب اور ثقافتی اقدار پر مبنی دوستانہ تعلقات ہیں، چیئرمین سینیٹ

پاکستان اور الجیریا کے مابین مشترکہ مذہب اور ثقافتی اقدار پر مبنی دوستانہ تعلقات ہیں، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور الجیریا کے مابین مشترکہ مذہب اور ثقافتی اقدار پر مبنی دوستانہ تعلقات ہیں، آئی ٹی شعبے میں الجیریا کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں الجیریا کے سفیر براہیم رومانی سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بدھ کو ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور الجیریا کے مابین مشترکہ مذہب اور ثقافتی اقدار پر مبنی دوستانہ تعلقات ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں الجیریا کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ملاقات کے دوران پارلیمانی اور ایوانِ صنعت و تجارت کے وفود کے تبادلوں کے فروغ کیلئے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی رابطوں کے دور میں دو ریاستوں کے درمیان تجارت کے رجحانات کو تبدیل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی معیشتوں کو فروغ دینے کے لئے موجودہ رکاوٹوں کو دور کرنا ضروری ہے، دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تعاون کی ضرورت ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پارلیمانی سفارتکاری کو فروغ دینا چاہئے، پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ معاونت اور رابطہ کاری کیلئے خصوصی حکمت عملی وضع کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افریقہ پالیسی کے تحت تعاون کی نئی راہیں کھلنے سے بہتر روابط اور تجارتی تعاون میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن اور ترقی کیلئے پارلیمانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی اور ادارہ جاتی تعاون عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

صادق سنجرانی نے ملاقات میں دو طرفہ اور کثیرالجہتی تعاون پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، کاروباری شعبوں میں متواتر وفود کے تبادلوں کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کئے جا سکتے ہیں۔

الجیرین سفیر براہیم رومانی نے مزید ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کاروباری شعبوں میں وفود کے تبادلوں کیلئے جلد لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا۔ سفیر نے الجیریا کی پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے سربراہان کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ الجیریا کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔

یہ خبر پڑھیئے

شیاؤمی نے انسان نماء روبوٹ سائبر ون کو مارکیٹ میں متعارف کروا دیا

شیاؤمی نے انسان نماء روبوٹ سائبر ون کو مارکیٹ میں متعارف کروادیا چین کی سمارٹ …

Show Buttons
Hide Buttons