تازہ ترین
چین وائرس پر قابو پانے کیلئے کوویڈ-19 کے مستقل اسپتال قائم کرے گا

چین وائرس پر قابو پانے کیلئے کوویڈ-19 کے مستقل اسپتال قائم کرے گا

چین میں قومی طبی کمیشن کے ڈائریکٹر ما شیاؤ وئی نے سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے علم بردار میگزین چھیوشی جرنل میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کرونا وائرس کے تدارک اور اس پر مکمل قابو پانے کیلئے تشکیل دیا گیا بنیادی خاکہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کوویڈ-۱۹ کے باعث انفیکشن کو ابتدائی مرحلے میں روکنے اور اس پر قابو پانے کی صلاحیت کو تقویت دینے کیلئے مستقل سہولیات اور کوویڈ-۱۹ کے مزید تشخیصی مراکز قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

قومی طبی کمیشن کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ چین مستقل اسپتالوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ کوویڈ-۱۹ سے متاثرہ افراد کی دیکھ بھال اور نگرانی  کی صلاحیت میں اضافے کیلئے قرنطینہ سائٹس بھی تعمیر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے کوویڈ-۱۹ کی نگرانی کے طریقہ کار کو بھی معمول پر لایا جائے گا اور ہفتہ وار بنیادوں پر جانچ اور تشخیص ممکن بنائی جائے گی۔

ما شیاؤ وئی کے مطابق چین کے تمام صوبائی دارالحکومتوں اور ایک کروڑ سے زائد افراد پر مشتمل آبادی کے حامل شہروں میں کوویڈ-۱۹ کی تشخیص کیلئے مزید مراکز قائم کئے جائیں گے، تاکہ ہر شخص کو 15 منٹ کی پیدل مسافت پر ایسی سہولت میسر آسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بنیادی خاکے میں متاثرہ مریضوں سے حاصل شدہ نمونوں کی جانچ کیلئے عوامی لیبارٹریز اور تھرڈ پارٹی لیبارٹریز سمیت دیگر مزید لیبارٹریز کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قومی طبی کمیشن کے ڈائریکٹر نے اپنے مضمون میں مزید کہا ہے کہ چین کو عوام کی بنیادی طبی ضروریات اور روزمرہ کی زندگی کو متاثر کئے بغیر کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے بھرپور کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ جب تک کہ ضروری نہ ہو اسپتال کے شعبہ جات جیسے ایمرجنسی، ڈائیلاسز، سرجری اور آئی سی یو کو بند نہیں کیا جا سکتا۔

ما شیاؤ وئی نے متنبہ کیا کہ کوویڈ-۱۹ سے متاثرہ افراد کا علاج کرتے وقت چین کو چاہیئے کہ وہ علامات کے بغیر کیسز کیلئے طبی وسائل کے بے دریغ استعمال پر قابو پائے اور کوویڈ-۱۹ کے سنگین ہونے سے پہلے ان افراد کا مناسب علاج کرے۔اپنے مضمون میں انہوں نے طبی تشخیص کے نظام کو بہتر بنانے، آئی سی یو میں بستروں کی تعداد میں اضافے اور ابتدائی طبی امداد کی کوششوں پر بھی زور دیا۔

یہ خبر پڑھیئے

چین نے دنیا کا سب سے بڑا کنٹینر بردار بحری جہاز سمندر میں اتار دیا

چین نے دنیا کا سب سے بڑا کنٹینر بردار بحری جہاز سمندر میں اتار دیا

چین میں تیار کئے گئے دنیا میں اپنی نوعیت کے سب سے بڑے کنٹینر بردار بحری …

Show Buttons
Hide Buttons