اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس نے جموں وکشمیر کے بارے میں ایک لائحہ عمل کی منظوری دی ہے جس کا مقصد اس دیرینہ تنازع کے بارے میں رکن ممالک کے درمیان رابطوں کو فروغ دینا ہے۔
اس لائحہ عمل کے تحت رکن ممالک بھارت کے ساتھ اپنے دوطرفہ رابطوں کے دوران جموں وکشمیر کے تنازع کو اٹھائیں گے تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس تنازع کے پُرامن حل کے لئے پیشرفت کی جاسکے اور کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے احترام پر زور دیا جاسکے۔
او آئی سی کے رکن ممالک بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں امن وسلامتی، انسانی حقوق اور سنگین انسانی صورتحال کے بارے میں اقوام متحدہ اور دوسرے عالمی فورمز پر اپنے مؤقف کو مربوط بنائیں گے۔ وہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کے لئے مدد فراہم کریں گے۔اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل علاقائی اور انسانی حقو ق کی تنظیموں سمیت اپنے مختلف رابطوں میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں گے۔