وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے بدھ کو ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے نائب صدر (آپریشنز) شیکسین چن سے ملاقات کی۔ دونوں فریقین نے پاکستان میں اے ڈی بی کے توانائی پروگرام، حکومت کی توانائی اصلاحات پر وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر نے ملک کے لئے اصلاحاتی ایجنڈے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے میں اے ڈی بی کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے توانائی سمیت ترجیحی شعبوں میں اصلاحات کے ایجنڈے میں کلیدی شراکت دار کے طور پر اے ڈی بی کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر میں مختلف منصوبے اچھی رفتار کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں جن میں ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر (اےایم آئی) سسٹم کو جلد آئیسکو ریجن میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر متعارف کرایا جائے گا، دیگر میں این ٹی ڈی سی اور ڈسکوز کے پروجیکٹس بھی شامل ہیں۔
وفاقی وزیر نے جامشورو پراجیکٹ کو تیز کرنے اور اے ڈی بی کی طرف سے خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ زیر زمین گیس کے ذخیروں کے لئے پری فزیبلٹی اسٹڈی بھی ایک سال میں مکمل ہونے کی امید ہے۔وزارت نے پاور سیکٹر کے گردشی قرضوں کے انتظام پر اپنی مثبت پیش رفت کو بھی شیئر کیا۔
سٹرکچرل بینچ مارکس پورے ہو گئے ہیں اور آئی ایم ایف نے بھی اس حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مزید یہ کہ سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔ سبسڈی ریفارمز فیز II بھی منظور ہو چکے ہیں۔اے ڈی بی بیس لوڈ کی بنیاد پر درآمدی کوئلہ توانائی کے پلانٹس خریدنے کی فزیبلٹی پر کام کرے گا۔اے ڈی بی کے نائب صدر نے موسمیاتی تبدیلی پالیسی کے حوالے سے اشتراک کی خواہش کا اظہار کیا جس پر وفاقی وزیر نے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔