اولیاء اور صوفیاء کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، صدر مملکت

اولیاء اور صوفیاء کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوفیا اور اولیاء کرام کی تعلیمات کی پیروی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوفیا اور اولیاء کرام نے ہمیشہ انسانیت کی ترغیب دی ہے اور انہوں نے اپنی تعلیمات سے مسلمانوں میں محبت، بھائی چارہ، باہمی احترام اور اتفاق واتحاد کا پرچار کیا۔

صدر مملکت نے یہ بات حضرت عبدالقادرشاہ جیلانی بغداد کے سجادہ نشین شیخ سید خالد عبدالقادر منصور الجیلانی اور ان کے ہمراہ آنیوالے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، پاکستان میں عراق کے سفیر حامد عباس لفتاح اور سینئیر حکومتی افسران بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہاکہ ہم سب کو اولیاء اور صوفیاء کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، اولیاء و صوفیاء کرام نے انسانیت، مسلمانوں میں محبت، بھائی چارے، باہمی احترام اور اتحاد کو فروغ دیا۔ صدر نے کہاکہ صوفیاء نے اسلامی اقدار کی تعلیم کے زریعہ معاشرے کی اصلاح کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں اور اسلام کے پیغام کو پوری دنیا بالخصوص وسطی و جنوبی ایشیا میں پھیلایا۔

صدر مملکت نے کہاکہ حضرت عبدالقادر شاہ جیلانی نے زندگی بھر اعلیٰ اخلاقی اقدار کو برقرار رکھا اور اسلامی تاریخ کے مشکل وقت میں قرآن و سنت کی روشنی میں معاشرے کی اصلاح کی۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ معاشرے کو اخلاقی گراوٹ، انتہا پسندی اور جعلی خبروں جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، مذہبی رہنماء اپنے خطبات اور تقاریر میں سماجی مسائل کے حل کیلئے تعلیمات دیں۔

صدر مملکت نے کہاکہ حکومت اور مختلف مکاتب فکر کے رہنما ملک میں مذہبی رواداری، باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

اسلاموفوبیا کا ذکر کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ اسلامو فوبیا کے چیلنج پر مؤثر طریقے سے قابو پانے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے سجادہ نشین حضرت عبدالقادر شاہ گیلانی کی طرف سے کئے جانے والے فلاحی کاموں کو سراہا۔ بعد ازاں صدر مملکت نے وفد کے اعزاز میں عشائیے کی میزبانی بھی کی۔ شیخ سید خالد عبد القادر منصور الجیلانی نے میزبانی اور پرتپاک استقبال پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صدر مملکت کو دورہ بغداد کی دعوت بھی دی۔

یہ خبر پڑھیئے

اوپیک پر کمزور ہوتی امریکی گرفت

اوپیک پر کمزور ہوتی امریکی گرفت

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons