قومی ٹیم نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا، آرمی چیف

صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت سیاسی رہنماؤں نے بھارت کو شکست دینے پر قومی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے ٹویٹر پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاباش گرین شرٹس، مکمل صفایا کیا، 10 وکٹوں سے میچ جیت لیا، ہمیں آپ پر فخر ہے، ایک اچھا میچ تھا مزا آگیا، پاکستانیوں آپ سب کو مبارک ہو۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر میچ دیکھتے ہوئے تصویر شیئر کی اور قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کو مبارکباد اور بابر اعظم کو جنہوں نے ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کیا، رضوان اور شاہین آفریدی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو شاندار کامیابی پر انہیں مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ہمارے لیے باعث فخر ہے۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھی قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے بھارت کو چاروں شانے چت کر دیا، پاکستان قوم  کو جیت کی ڈھیروں مبارکباد، ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا جب کہ پاکستانی جیت کا جشن سرینگر میں بھی منایا جارہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مبارک باد میں کہا کہ پاکستانی ٹیم قوم کی امیدوں پر پورا اتری ہے، آج کے میچ میں پاکستان کی قومی ٹیم نے نئی تاریخ رقم کی ہے، پاکستانی ٹیم کا 10 وکٹوں سے انڈیا سے میچ جیتنا قابل فخر کارنامہ ہے، پاکستان کی پوری ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے مگر جیت کا کریڈٹ بولرز میں شاہین شاہ آفریدی، کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کو جاتا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شاہینوں نے یادگار کھیل کا مظاہرہ کرکے پوری قوم کے دل جیت لیے، بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی سمیت پوری ٹیم کو عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور آئندہ آنے والے میچز میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج روایتی حریف سے میچ تھا، ہمارا فائنل آج تھا، پوری قوم کو فتح مبارک ہو، پاکستانی ٹیم نے پوری جرات سے ولولے، اور بہادری سے میچ جیتا، انتظامیہ کو ہدایت دے دی ہے کہ کنٹینرز ہٹا دیں اور لوگوں کو جشن منانے دیں۔ انہوں ںے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ یہ پہلا پاک بھارت میچ ہے جو گراؤنڈ میں بیٹھ کر نہیں دیکھ سکا، مجھے میچ دیکھے بغیر ملک واپس آنا پڑا، ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، آج ہماری ٹیم نے سب کے دل جیت لیے۔

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے دبئی سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، قوم کی دعاﺅں اور کھلاڑیوں کی محنت سے آج پاکستان کرکٹ ٹیم نے فتح حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہو، ایشیا کپ ہو یا چیمپئنز ٹرافی جہاں پاک بھارت کرکٹ ٹیمیں آمنے سامنے ہوں تو وہ میچ دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا میچ بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں تاریخ بدل دی، تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی پرفارمنس زبردست رہی، وکٹ کیپر محمد رضوان کو سو کیچ مکمل کرنے اور شاہین آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دینے پر خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ کرکٹ واحد کھیل ہے جو ہمیں ایک دوسرے سے جوڑتا ہے، پاکستان کے لوگ کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاﺅرکھتے ہیں، امید ہے کرکٹ ٹیم مزید فتوحات حاصل کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کرے گی۔

صدر مسلم لیگ (ن) اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی کہا کہ ‎پاکستانی کرکٹ ٹیم نے عمدہ کارکردگی سے بھارت کو شکست دی، ‎بابراعظم اور رضوان نے بہترین بیٹنگ جبکہ شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کی،‎ انشااللہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ بھی جیتے گی، ‎آج ثابت ہوا کہ لگن سے کھیلیں گے تو کامیاب ہوں گئے، ‎آئندہ میچز کے لیے گرین شرٹس، گڈ لک، ‎پاکستانی کرکٹ ٹیم اور عوام کو بہت بہت مبارک باد۔

یہ خبر پڑھیئے

ایرانی پارلیمنٹ نے ایران کی شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت کا بل منظور کر لیا

27 نومبر کو ایرانی پارلیمنٹ نے ایران کے شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن بننے کا …

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons