غذائی تحفظ اور تحقیق کے وزیر سید فخر امام نے کہا ہے کہ زرعی شعبے اورانسانی حیات پرموسمیاتی تبدیلی کا اثر ملک میں پائیدار ماحولیاتی ترقی کیلئے بڑا چیلنج ہے ۔
اسلام آباد میں ماحولیاتی معیارات کے مطابق پائیدار معیار اوربہتر طرز زندگی کیلئے کھائیں ، چہل قدمی کریں اور زندگی بسر کریں کے موضوع پر سات روزہ آگاہی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پائیدار ماحولیاتی ترقی ، زرعی شعبے کی بہتری کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی نے ہماری زرعی شعبے کو بھی متاثر کیا ہے جن میں کپاس اورگندم جیسی بڑی فصلیں بھی شامل ہیں جن کو شدید موسمی حالات سے بچانا ضروری ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سویڈن کی سفیر ہنرک ہارسن نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کوکم کرنے اورملک میں معیار زندگی برقراررکھنے کے حوالے سے اہم اقدامات کرنے پر پاکستان کی موجودہ حکومت کو سراہا ۔انہوں نے کہاکہ بلین ٹرمی سونامی اورسرسبز پاکستان ، انتہائی اہم منصوبے ہیں جو یقینا پائیدار اورماحول دوست طرز زندگی کے فروغ میں اہم کردارادا کریںگے۔