معدنیات کا شعبہ ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، وزیراعظم

معدنیات کا شعبہ ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں معدنیات کی ترقی میں تیزی لانے کے لئے وفاق اور صوبوں کے درمیان مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اسلام آباد میں معدنیات کے شعبے کیلئے ترقی کے لائحہ عمل کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں وسیع ترمعدنی ذخائر کی بدولت معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے پُرکشش مواقع موجود ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ معدنیات کا شعبہ ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معدنیات کی ترقی کے اہداف مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے کے لئے جلد از جلد فوکل پرسن تعینات کیا جائے تاکہ معدنیات کے شعبہ کی ترقی کے فریم ورک پر عمل درآمد کی مؤثر نگرانی کی جاسکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معدنیات کی ترقی کے حوالے سے اہل اور تربیت یافتہ انسانی وسائل سے استفادہ اور انسانی وسائل کی استعداد کار میں بہتری کے حوالے سے بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معدنیات کے شعبہ کی ترقی کے فریم ورک کے اہداف اور مقاصد کا تعین کر کے ان کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔

قبل ازیں سیکرٹری پٹرولیم نے اجلاس کو معدنیات کی ترقی کے حوالے سے تزویراتی منصوبہ کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی ) میں شعبہ کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن تزویراتی منصوبہ پر مؤثر عمل درآمد کی ذریعے آئندہ 15 سال کے دوران جی ڈی پی میں معدنیات کے شعبہ کا حصہ 10 فیصد تک بڑھایا جائے گا۔

منصوبہ میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کو مربوط بنانے، تکنیکی سہولیات کی فراہمی، ڈیٹا بیس کی ترقی، مالیاتی فوائد، انسانی وسائل کی تربیت اور قانونی عوامل پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

منصوبہ میں کم مدتی، وسط مدتی اور طویل المدتی اہداف مقرر کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء شوکت ترین، محمد حماد اظہر، اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل، ڈی جی ایف ڈبلیو او اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

یہ خبر پڑھیئے

اقوام متحدہ کی اسرائیل فلسطین تنازعے کے تمام فریقین سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل

اقوام متحدہ نے اسرائیل فلسطین تنازعے کے دو ریاستی حل کے لیے عالمی ادارے کے …

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons