غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے رواں سال بلوچستان کے تمام اضلاع میں ون ونڈواحساس سنٹرز کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے اس بات کا اعلان ضلع کیچ کے دورے کے دوران کیا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ جنوبی بلوچستان کے دوردراز کے اضلاع میں ون سٹاپ شاپ اور ون ونڈو احساس سنٹرز کھولنا ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ لوگوں کو اس سہولت سے جلدازجلد فائدہ پہنچ سکے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی بلوچستان کے دشوار گزار علاقوں کے تناظر میں احساس پروگراموں کی مقامی تقاضوں کے مطابق حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ دورافتادہ علاقوں میں موبائل ون ونڈوو مراکز کے ذریعے سہولت فراہم کی جا سکے۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اپنے دورے کے دوران مقامی افراد سے ملاقات کی اورعلاقے میں شروع کئے جانے والے احساس پروگراموں کے بارے میں ان کی رائے حاصل کی۔