چین کرونا وائرس کے خلاف جاری جنگ جلد جیت جائے گا، چینی سفیر

پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یاؤ چنگ نے کہا ہے کہ چین کرونا وائرس کے خلاف  جاری جنگ جلد جیت جائے گا۔

چینی سفارت خانے کی جانب  سے دئیے گئے اپنے ایک بیان میں چینی سفیر نے کہا کہ رواں سال کے آغاز پر چین بھر میں پھیلنے والے کرونا وائرس کا خاتمہ چینی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی چن پھنگ نے چینی سال کے آغاز پر ہی اعلی سطحی اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کرونا وائرس کے تدارک کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا خود جائزہ لیا ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس مہلک وباء کے خاتمے کے لیئے ہرممکن اقدامات اختیار کریں۔

چینی سفیر نے کہا کہ چینی صدر کی ہدایت کی روشنی میں چین کے تمام صوبوں۔ خوداختیارعلاقوں ۔ چین کے مین لینڈ اور خصوصی انتظامی علاقوں میں پہلے درجے کی ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا، تاکہ اس مہلک وباء کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ یاؤ چنگ نے کہا کہ چین نے ایک ذمہ دارملک ہونے کی حیثیت سے عالمی اداروں اور دیگر ممالک کو کرونا وائرس سے متعلق معلومات وقت پر پہنچا دی تھی تاکہ اس مہلک وباء کے خطرات سے دنیا کو آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے حال ہی میں چین کا دورہ کیا ہے اور انہوں نے کرونا وائرس کے حوالے سے چین کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو بھرپور سراہا ہے-

چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے سربراہان نے چینی صدر شی چن پھنگ کو  پیغامات ارسال کیئے ہیں جن میں مختلف ممالک کے سربراہان نے کرونا وائرس کے خلاف چین کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔ چینی سفیر کا کہنا تھا  کہ چینی حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں چین کے ساتھ  بھرپور تعاون کرنے  پرعالمی برادری کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

یاؤ چنگ نے کہا کہ چین کے بروقت اورمؤثر اقدامات کی بدولت آج چین بھر میں اس مہلک مرض میں مبتلاء ہونے والے افراد تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں جبکہ اس مہلک وباء سے ہلاک ہونے والے افراد کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ چینی سفیر نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں کہا  کہ چین میں مقیم تمام غیرملکی باشندوں کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے جبکہ کرونا وائرس سے متاثرہ غیرملکی شہریوں کو وہی سہولیات دستیاب ہیں جو چینی شہریوں کے لیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں چینی وزارت خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پرایک خصوصی کالم تشکیل دیا ہے جس کے تحت دنیا کے تمام ممالک چین میں اپنے رجسٹرڈ شہریوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کر سکتے ہیں ۔

یاؤ چنگ نے کہا کہ پاکستان چین کا سچا دوست ہے، جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں چین کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی روک تھام اور خاتمے کے حوالے سے چینی حکومت اورعوام پاکستان کے جذبے اور حمایت کو انتہائی قدر کی نگاہ  سے دیکھتے ہیں۔

چینی سفیر نے کہا کہ  صدرِ پاکستان ڈاکٹرعارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی چن پھنگ کو اپنے الگ الگ ارسال کردہ پیغامات میں چین کی جانب سے اس مہلک وباء کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا ہے اور اس اعتماد کا اظہار بھی کیا ہے کہ چین کرونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ یاؤ چنگ نے کہا کہ مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے دکھ کی اس گھڑی میں چینی عوام کے ساتھ  بھرپور یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے جو اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستانی عوام چینی بھائیوں کو دل کی گہریوں سے محبت کرتے ہیں، جبکہ چین اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تعلقات ایک چٹان کی طرح مضبوط ہیں۔

 چینی سفیر نے کہا کہ چین کے صوبہ حوبے میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء کی مشکلات سے چینی اور پاکستانی حکومتیں پوری طرح  سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے پاکستانی طلباء کو ہدایت دی کہ وہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں، تاکہ کرونا وائرس کے مہلک اثرات  سے محفوظ رہا جاسکے۔

یہ خبر پڑھیئے

وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقات

وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقات

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین پائیدار …

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons