پنجاب کے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ نے ایک ہزار 76 چینی شہریوں کی اسکریننگ مکمل کرلی ہے اور ان کوکرونا وائرس سے کلیئر قرار دے دیا۔
سیکریٹری صحت نے کہا کہ دیگر چینی شہریوں کی اسکریننگ بھی جلد از جلد مکمل کی جائے گی جو صوبہ پنجاب کی 50 کمپنیوں کے لیے مختلف عہدوں پر کام کر رہے ہیں۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ ان میں سے 150 افراد گزشتہ 15 روز میں چین سے واپس آئے تھے۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہیلتھ سیکریٹری ریٹائرڈ کیپٹن محمد عثمان نے کہا کہ اس مقصد کے لیے تعینات ٹیموں نے پنجاب میں موجود 2 ہزار 7 سو 95 چینی شہریوں تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ صحت کو اسکریننگ کے لیے 2 ہزار 7 سو 95 چینی شہریوں کی فہرست ان کے گھر کے پتے اور ملازمت کے مقام کے ساتھ فراہم کی تھی۔