اقوام متحدہ نے پاکستان اوربھارت سے اپیل کی ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان کنٹرول لائن پر بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ صبروتحمل کا مظاہرہ کریں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈیوجیرک نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت او ر پاکستان میں عالمی ادارے کے فوجی مبصرگروپ نے مشاہدہ کیاہے اورحالیہ دنوں میں کنٹرول لائن پرفوجی سرگرمیوں میں اضافے کے بارے میں رپورٹ کی ہے۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرگروپ کو جنوری1949ء میں تعینات کیا گیا تھا جس کامقصد متنازعہ علاقے جموں وکشمیرمیں دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی معاہدے پرعملدرآمد کی نگرانی کرنا ہے۔ پاکستان نے مبصرگروپ کوکنٹرول لائن پرنگرانی کی اجازت دی تاہم بھارت نے ایسا نہیں کیا۔