آئی ایس پی آر نے سینیٹر حاصل بزنجو کے ریمارکس کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ قومی ادارے کے سربراہ سے متعلق سینیٹر حاصل بزنجو کے ریمارکس بےبنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معمولی سیاسی فائدے کیلئے جمہوری عمل کو بدنام کرنے کا رجحان جمہوریت کی خدمت نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تبدیل کرنے کی اپوزیشن اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی تبدیلی کی حکومتی کوششیں ناکام ہوگئیں۔ اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی اور اپوزیشن نے حاصل بزنجو کو متفقہ امیدوار نامزد کیا تھا۔ جب کہ حکومت نے جواب میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔