تازہ ترین
شمالی وزیرستان، بلوچستان: دہشت گردوں کے حملوں میں 10 سکیورٹی اہلکار شہید

شمالی وزیرستان بلوچستان: دہشت گردوں کے حملوں میں 10 سکیورٹی اہلکار شہید

شمالی وزیرستان میں گربز کے قریب پاک افغان سرحد پر سرحد پار سے پٹرولنگ پارٹی پر دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔ شہداء میں حوالدا خالد، سپاہی نوید، سپاہی بچل، سپاہی علی رضا، سپاہی ایم بابر اور سپاہی احسن شامل ہیں۔

دریں اثناء افسر سمیت ایف سی کے 4 جوان اس وقت شہید ہوئے جب ہوشاب اور تربت کے درمیان کومنگ آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے ان پر فائرنگ کردی۔ شہداء میں کیپٹن عاقب، سپاہی نادر، سپاہی عاطف الطاف اور سپاہی حفیظ اللہ شامل ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کے ان جری جوانوں کو میرا سلام جو قوم کی سلامتی کے لئے دہشتگردوں سے مقابلے میں مسلسل اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میری دعائیں/ہمدردیاں افسر سمیت ان 10 جوانوں کے لواحقین کیساتھ ہیں جنہوں نے آج شمالی وزیرستان و بلوچستان میں دہشتگردوں کو للکارا اور جام شہادت نوش کیا۔
بری فوج کے سربرا ہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم مادر وطن کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جان کی بازی لگا دیں گے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بری فوج کے سربراہ نے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بوکھلاہٹ کی شکار ملک دشمن قوتوں کی دم توڑتی ہوئی کوششیں ہیں جبکہ پاکستان استحکام سے دیرپا امن کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی برادری کے لئے علاقائی امن کی کوششوں میں سہولت فراہم کرنے کیلئے اہم وقت ہے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر چھ اور بلوچستان میں چار فوجیوں کی شہادت خطے میں امن کے لئے پاکستان کی قربانیاں ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایک ایسی صورتحال میں جبکہ قبائلی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور اب کوششیں سرحدوں کو مستحکم کرنے پر مرکوز ہیں ملک دشمن قوتیں بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ان قوتوں کی مذموم کوششیں ناکام ہوں گی۔

یہ خبر پڑھیئے

چین میں ای-کامرس کا جامع ترقی میں کردار: جانیئے تجزیہ کار کی زبانی

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons