پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ چنگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے معرض وجود میں آنے کی کہانی یکساں ہے۔
اسلام آباد میں واقع پاکستان کونسل آف آرٹس میں چائنہ کلچرل سینٹر اور پاکستان میں چینی سفارتخانے کے محکمہ ثقافتی کے زیرِ اہمتام منعقدہ چائنہ فلم فیسٹول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین عظیم چینی راہنماء ماؤ ذتوتنگ اور پاکستان قائداعظم کی زیر قیادت معرض وجود میں آیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ فلمی شعبے میں دو طرفہ تعاون سے ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے کا موقع میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت چین اور پاکستان کے مابین ثقافتی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، جبکہ چائنہ فلم فیسٹول اور فلم کانفر نس کے انعقاد سے پاکستانی عوام کو چینی ثقافت کے بارے میں آگاہی کا موقع میسر آئے گا۔ اس موقع پر مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پاکستانی عوام چینی ثقافت کو بے حد پسند کرتے ہیں اور اس نوعیت کے اقدامات سے ثقافتی روابط دو طرفہ روابط کو فروغ دینے میں مددحاصل ہوگی۔