چین اور پاکستان کو غلط خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیئے: چینی سفیر

چین اور پاکستان کو غلط خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیئے: چینی سفیر

پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا  کہ پاکستان اور چین سمیت دیگر ممالک کو جھوٹے پروپیگنڈے اور غلط معلومات کے مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ چین پاکستان میڈیا فورم سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کچھ بیرونی دشمن قوتیں منظم طریقے سے چین اور پاکستان کی ترقی کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی اعتماد کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ حال ہی میں چینی صدر شی چن پھنگ نے اس امر پر زور دیا ہے کہ چین کے بین الاقوامی روابط کو  فروغ دینا چاہیئے۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے  کردار کی  مضبوطی کیلئے تین تجاویز پیش کیں، جس میں انہوں نے دونوں ممالک کے میڈیا کے مابین  تبادلے و تعاون کو مزید فروغ دینے اور دونوں ممالک کو وسائل کے انضمام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

چینی سفیر نے کہاکہ QUAD اور AUKUS جیسی عالمی  تنظیموں کی تشکیل سے عالمی سطح پر ترقی کے حوالے سے کی جانے والی کوششیں کمزور ہو رہی ہیں۔ نونگ رونگ نے کہا کہ ان حالات میں چین اور پاکستان کے میڈیا کو ذمہ دار ی کا مظاہر ہ کرنا چاہیے  تاکہ وہ انصاف کے لیے بات کریں اور علاقائی امن  واستحکام کے لیے ایک مثبت قوت بن سکیں۔ چینی سفیر نونگ رونگ نے  چین اور پاکستانی  ذرائع ابلاغ کے حلقوں کے مابین  ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے میڈیا کے درمیان تبادلے اور تعاون کو  مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چائنیز میڈیا کے سات بیوروز ہیں اور پاکستان میں اُردو زبان کا ایک اسٹوڈیو ہے۔ انہوں نے  کہا کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ایک سو ٹیلی ویژن اسٹیشنز اور ایک سو پچاس ریڈیو اسٹیشنز قائم ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ ان حالات میں دونوں ممالک کے ذرائع ابلاغ  کو خبروں کے متن کے تبادلے، پروگرامز کی مشترکہ تیاری، اہلکاروں کی تربیت اور سرگرمیوں کے باہمی اہتمام کے حوالے سے دو طرفہ تعاون کو مضبوط کرنا چاہیے۔

چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں دو سو سے زائد چینی نجی کمپنیاں قائم ہیں۔ جبکہ سی پیک کے فریم ورک کے  تحت یہ کمپنیاں مقامی ملازمین کے نقطہ نظر کے ذریعے چین پاکستان دوستی سے متعلق سچی کہانیاں فراہم کرسکتی ہیں۔

 چینی سفیر نے کہا ہمیں عالمی سطح پر  عوامی رائے  کو استوار کرنے اور  غلط  خبروں کے   پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیئے ۔ چین اور پاکستان کی دوستی دونوں ممالک کے باہمی مفادات اور علاقائی استحکام کیلئے ضروری ہے۔ ہمارے میڈیا  پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ  انصا ف کی ترویج کرے۔ ہمیں مثبت تشہیر میں اضافہ کرنا چاہیئے اور اپنے  نظریے  کے مطابق  بیانہ تشکیل دینے کیلئے   اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

چینی سفیر نے مزید کہا کہ ہمیں بین الاقوامی مواصلات کے حربوں اور فن پر توجہ دینی چاہیے، بڑے مسائل پر بات کرنے کی اپنی صلاحیت کو بہتر بنانا چاہیے، افواہوں کی تردید کے لیے سرکاری پلیٹ فارم قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور منفیعوامی رائے کا مشترکہ طور پر جواب دینا چاہیے۔

نونگ رونگ نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور یہ ذرائع ابلاغ  کی ہی طاقت ہے جس کے ذریعے دونوں ممالک کے  عوام کے دلوں میں چین پاکستان دوستی مزید مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔ انہوں نے  کہا کہ میڈیا نہ صرف چین پاکستان  دوستی کو  وسعت دینے کیلئے ایک اہم قوت ہے بلکہ یہ دونوں ممالک کے مابین  مضبوط دوستی کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی ہے۔

اس موقع پر  چین میں تعینات پاکستانی سفیر معین الحق نے  کہا کہ دونوں ممالک کے میڈیا کو ایک پٹی ایک شاہراہ اقدام  اور سی پیک کی  کامیابی کو اجاگر کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال  چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی  تعلقات کے قیام  کی 70ویں سالگرہ کے سلسلے میں اب تک 80 تقریبات کا انعقاد کیا جاچکا ہے جبکہ رواں سال کے آخر تک 100 تقریبات کا انعقاد مکمل کر لیا جائے گا۔ معین الحق نے کہا کہ اس  حوالے سے چین میں پاکستان فلم فیسٹیول کا انعقاد بھی کیا گیا۔

انہوں نے کہا دونوں  ممالک کے میڈیا اداروں کو چین اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے حوالے  سے عوامی حمایت حاصل کرنے کیلئے خصوصی مہم  شروع کرنی چاہیئں، ہمارے تعلقات کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنا چاہیئے اور ان کی اسٹریٹیجک اہمیت کے حوالے سے بھی لوگوں کو آگاہ کرنا چاہیئے۔ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی تاریخ، ثقافت اور جغرافیائی لحاظ سے بھی اہم ہے اور یہ باہمی اعتماد، احترم و تعاون پرمبنی ہے۔

چین پاکستان میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید ، نجی چینل ہم نیٹ ورک کی بانی و  صدر سلطانہ صدیقی، چائینہ میڈیا گروپ  کی نمائندہ مسرت اور دیگر شرکاء نے  دونوں ممالک کے میڈیا کے درمیان مزید تعاون و تبادلے کی ضرورت پر زوردیا۔

یہ خبر پڑھیئے

اقوام متحدہ میں چین کے مؤثر کردار کی دنیا معترف ہے۔ سابق سفیر پاکستان مسعود خالد

چین میں تعینات پاکستان کے سابق سفیر مسعود خالد نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ …

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons