پاکستان کا عالمی برداری سے بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے یوم استحصال پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارت کے اقدامات کو 24 ماہ ہوگئے، پاکستان کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے، عالمی برداری بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ منصفانہ جدوجہد میں ناقابل شکست جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارت نے کشمیری کے عوام کی منفرد شناخت اس غلط فہمی میں ختم کرنے کی کوشش کی کہ وہ اس اقدام سے جذبہ حریت کو کچل دے گا مگر مودی حکومت کی غیرقانونی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش ہمیشہ رائیگاں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’کشمیریوں کو استصواب رائےحق پر سمجھوتہ کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا، بھارت کے عزائم بری طرح ناکامی سے دو چار ہیں، بھارتی اقدامات کو کشمیریوں، پاکستان اور عالمی برادری نےمسترد کردیا‘۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ’بھارتی جبر واستبداد بلا روک ٹوک جاری ہے، کشمیریوں کی ماورائے عدالت شہادتیں ہر روز سامنے آرہی ہیں، اظہار رائے کی آزادیوں پر عائد قدغنیں ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلے تاحال جاری ہیں، حراست کےدوران نوجوانوں کو ذہنی و جسمانی اذیت، تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے جبکہ معصوم شہریوں کو جبری طور پر گمشدہ بھی کیا جاتا ہے‘۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’بھارت تمام تر اقدامات، ظلم و تشدد کے باوجود کشمیریوں کےعزم کو متزلزل کرنے میں ناکام رہا، تنازع کشمیر  کا حل 1948 کے سلامتی کونسل کے ایجنڈےپر عمل کر کے ہی ممکن ہے،  عالمی سطح  پر مقبوضہ کشمیر ایک مسلمہ تنازع کے طور پر موجود ہے، بھارت نےسلامتی کونسل کے ساتھ اپنے کیے وعدوں کو پورا نہیں کیا‘۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’عالمی برادری بھارت سےخطےمیں ظلم بندکرنے کا مطالبہ کرتی ہے، خطےکے ڈیڑھ ارب لوگوں کا حق ہے کہ وہ امن کے ساتھ رہیں، بھارت نےمقبوضہ کشمیر کے عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے‘۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ’پاکستان عالمی برداری پر ایک بار پھر زور دیتا ہے کہ وہ بھارت کو پانچ اگست کے اقدامات کو واپس لینے اور کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی بند کرنے کے لیے کٹہرے میں کھڑا کرے‘۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،  پاکستان کشمیریوں کےشانہ بشانہ کھڑا ہے‘۔

یہ خبر پڑھیئے

سائبر تمدن کے لیے چین کا کلیدی کردار: سید پارس علی

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons