شوبز شخصیات کی فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

اسرائیلی فوج کی جانب سے یوم القدس کے موقع پر اسرائیلی افراد پر حملے اور تشدد کی جہاں امریکا سمیت مختلف ممالک کی حکومتوں نے مذمت کی ہے، وہیں پاکستانی و عالمی شوبز شخصیات نے بھی صیہونی فوج کے تشدد کی مذمت کی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صیہونی فوج اور فلسطینی افراد کے درمیان یوم القدس کے موقع پر مسلمانوں کےماہ مبارک رمضان کےآخری جمعے کے موقع پر کشیدگی ہوئی اور اسرائیلی فوج کی کارروائیوں سے کم از کم 205 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بظاہر مذکورہ کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب اسرائیلی فوج نے یروشلم میں اپنی غیر قانونی آبادکاریوں سے فلسطینی افراد کو زبردستی نکالنا شروع کیا۔

اسرائیلی فوج نے یوم القدس کے موقع پر فلسطینی افراد کو زبردستی ان کے گھروں سے نکالنا شروع کیا، جب کہ اس سے قبل ہی ماہ رمضان کے آغاز سے ہی یروشلم میں کشیدگی شروع ہوگئی تھی۔ اسرائیلی فوج نے 7 مئی کے بعد 8 مئی کو بھی فلسطینی افراد پر ربڑ کی گولیوں، ہینڈ گرینیڈ اور اسٹیل کی گولیوں سے حملے کیے، جن سے اب تک مجموعی طور پر 250 کے قریب افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متعدد ویڈیوز اور تصاویر میں اسرائیلی فوج کو اسلام کے تیسرے مقدس ترین مقام مسجد الاقصیٰ کے اندر بھی جاکر نمازیوں پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اسرائیلی فوج کی پرتشدد کارروائیوں پر جہاں پاکستان اور امریکا کی حکومتوں نے مذمت کی، وہیں پاکستانی شوبز شخصیات سمیت عرب و ہولی وڈ شخصیات نے بھی صیہونی حملوں کی مذمت کی۔ فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں صیہونی فوج کے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ وہ ان کی بہن جی جی حدید سمیت ان کے تمام اہل خانہ اسرائیلی فوج کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ وہ اور ان کے اہل خانہ فلسطینیوں پر ہونے والے تشدد پر دکھی اور آبدیدہ ہیں۔ انہوں نے ایک اور اسٹوری میں لکھا کہ بطور انسان وہ اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینوں پر کیے جانے والے حملے کے وقت فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سینیئر برطانوی موسیقار راجر واٹرز نے بھی اسرائیلی حملے کو فلسطینیوں کی نسل کشی قرار دیا، انہوں نے ٹوئٹر پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے صیہونی فوج کے حملے اور تشدد پر کھل کر بات کی اور کہا کہ اسرائیلی ریاست ہزاروں سال سے اپنی زمین پر مقیم لوگوں کو تشدد کے زور پر نکال رہی ہے۔ برطانوی گلوکارہ دعا لیپا نے بھی اسرائیلی فوج کے تشدد کے خلاف سوشل میڈیا پر اسٹوری شیئر کی اور انہوں نے یروشلم کے علاقے شیخ جراح کو بچانے کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

مصری اداکار محمد حنیدی نے بھی اسرائیلی فوج کی جارحیت کی مذمت کی اور انہوں نے انسٹاگرام پر شیخ جراح کی حفاظت کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے بھی فلسطینیوں پر تشدد اور حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کو دہشت گردی قرار دیا اور لکھا کہ کس طرح صیہونی فوج مظلوموں کو گھروں اور عبادت گاہوں میں نشانہ بنا رہی ہے۔

گلوکار و اداکار فرحان سعید نے عرب صحافی کی ایک ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے فلسطینیوں کے حق میں بات کی اور لکھا کہ صیہونی ظلم پر دنیا کی خاموشی مجرمانہ ہے اور ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا کہ آخر عالمی برادری یہ سب کچھ پیچھے سے بیٹھ کر کس طرح خاموشی سے دیکھ سکتی ہے؟

فیروز خان نے بھی فلسطینیوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے مختصر ٹوئٹ کی کہ اسرائیل نے الاقصیٰ پر حملہ کردیا۔ اداکار حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور نے بھی اسرائیلی جارحیت پر سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ فلسطینیوں کو ہماری مدد کی ضرورت ہے۔ اداکار سمیع خان نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے حملوں کو ناقابل برداشت قرار دیا۔

یہ خبر پڑھیئے

پاک چین تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے والے افسران کو سول اعزاز دینے کی تقریب

15 جون کو بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے زیراہتمام پاک چین تعلقات کے فروغ میں …

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons