چوتھا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز تین ایک سے جیت لی۔
سنچورین میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقا کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19.3 اوورز میں 144 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ حسن علی اور فہیم اشرف نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
فخرزمان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 34 گیندوں پر 60 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں 4 جاندار چھکے اور 5 دلکش چوکے شامل تھے۔ بابراعظم 24 رنز کی باری کھیلی جب کہ اوپنر محمد رضوان بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹے۔
پاکستان نے مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کر لیا۔ محمد نواز نے چھکا لگا کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ محمد نواز 25 اور حسن علی 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد حفیظ 10، حیدر علی 3 اور آصف علی 5 رنز ہی بنا سکے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ولیمز اور مگالا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ فورٹیون، پھلکوایو اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا کیونکہ 16 کے مجموعی اسکور پر محمد نواز نے ایڈن کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بعد ازاں افریقی بلے بازوں نے محتاط انداز سے بلے بازی کرتے ہوئے اسکور کو 73 تک پہنچایا تو جانےمن ملان بھی آؤٹ ہوگئے۔
جنوبی افریقا کی ٹیم پاکستانی گیند بازوں کی وجہ سے مقررہ اوورز تک کریز پر نہ ٹک سکی اور 19.3 اوورز میں ہی اننگز ختم کرنے پر مجبور ہوئی۔
Dosti Channel FM 98 Voice of Friendship

