احتساب میں دوست یا دشمن نہیں دیکھے جاتے، انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہییں، شبلی فراز

احتساب میں دوست یا دشمن نہیں دیکھے جاتے، انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہییں، شبلی فراز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو اقتدار میں آئے ہوئے اڑھائی سال ہوئے ہیں، مافیا ہمارے دور میں نہیں آئے بلکہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی 1971ء سے مافیا کی سرپرستی کرتی آئی ہیں اور انہوں نے مافیا کو پروان چڑھایا، تحریک انصاف کا مقصد حکومت بچانا نہیں، ملک بچانا ہے۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کی تحریک انصاف کیلئے بڑی خدمات ہیں، ان کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں ابھی الزامات ثابت نہیں ہوئے، وہ عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں جو کہ تحریک انصاف کے موقف کی تائید ہے، اگر ان کے خلاف تحقیقات نہ ہوتیں تو اپوزیشن کہتی کہ حکومت اپنوں کا احتساب نہیں کرتی، احتساب میں یہ نہیں دیکھا جاتا کہ اس کا تعلق کس جماعت سے ہے، ہماری خواہش ہے کہ وہ مشکلات سے باہر نکل آئیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے گزشتہ 35 سال میں باریاں لے لے کر ذاتی مفادات کیلئے قومی اداروں اور ملکی معیشت کو تباہ کیا، جس وقت ڈالر 60 روپے کا تھا اس دور میں چینی کی قیمتیں 127 روپے فی کلو تک گئی تھیں اور آج یہ جماعتیں مہنگائی کی باتیں کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد قومی اداروں کو آزاد کیا ہے اور وہ بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب کر رہے ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مافیا کی سرپرستی اور اپنی کرپشن کا تحفظ کرنا ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی جماعتوں کا کلچر ہے، انہی جماعتوں نے مافیا کو پروان چڑھایا، جس معاشرے میں قانون کی حکمرانی نہ ہو، بڑے اور چھوٹے لوگوں کیلئے الگ الگ قانون ہو تو وہ تباہ ہو جاتا ہے، تحریک انصاف حکومت کی ن لیگ یا پیپلزپارٹی سمیت کسی سیاسی جماعت سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے، ہمارا بنیادی مقصد ملک میں انصاف پر مبنی نظام کھڑا کرنا، مافیا کا خاتمہ اور ملک کی ترقی ہے، اسی مشن کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور عالمی مالیاتی اداروں کے اعدادوشمار میں کوئی فرق نہیں ہے، عالمی مالیاتی اداروں نے بھی2022ءمیں پاکستان میں 4 فیصد گروتھ ریٹ کی توقع ظاہر کی ہے، ہم بھی یہی کہہ رہے ہیں۔

یہ خبر پڑھیئے

طاہر اشرفی کا عوام پر رمضان المبارک میں کورونا ایس او پیز کی پابندی پر زور

طاہر اشرفی کا عوام پر رمضان المبارک میں کورونا ایس او پیز کی پابندی پر زور

وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی نے عوام پر زور …

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons