صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گوادر چین اور وسطی ایشیائی جمہوریتوں کیلئے مختصر ترین راستہ بن کر معاشی مرکز کے طور پر اُبھرے گا۔
نجی نیوز چینل سے انٹرویو میں صدر نے کہاکہ دہشتگردی کو کامیابی کے ساتھ شکست دینے کے بعد پاکستان نے اپنی توجہ جغرافیائی سیاست سے جغرافیائی معیشت کی طرف منتقل کر دی ہے۔
انہوں نے کہاکہ دنیا کے برعکس پاکستان امن اور اخلاقیات کے سرگرم حامی کے طور پر کام کر رہا ہے جو ملک کے مستقبل کیلئے بہتر ہو گا۔ مثبت اعشاریوں کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ معیشت میں بہتری آئی ہے تعمیراتی شعبہ ترقی کر رہا ہے اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر پر قابو کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقے کیلئے گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں اور ملک معاشی محاذ پر مثبت انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی بحالی میں تنازع کشمیر بڑی رکاوٹ ہے۔
بھارت اس تنازع کے حل کیلئے اقدامات کے بجائے پچیس لاکھ غیر کشمیریوں کو جعلی شہریت نامہ دے رہا ہے تاکہ متنازعہ علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سب کے باوجود پاکستان کشمیر کا پر امن حل چاہتا ہے۔
Dosti Channel FM 98 Voice of Friendship

