تازہ ترین
گندم کی مصنوعی قلت کے خاتمے کے لئے لائحہ عمل وضع

گندم کی مصنوعی قلت کے خاتمے کے لئے لائحہ عمل وضع

آج سینیٹ کو بتایا گیا کہ پاکستان بیت المال نے یتیموں کی فلاح و بہبود کے لئے گزشتہ سال کے دوران ملک بھر میں دارالاحساس کے نام سے 75 یتیم خانے قائم کئے۔

سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی نے کہا کہ یتیم خانوں میں بچوں کو متعلقہ علاقے کے بہترین نجی تعلیمی ادارے معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا کہ بالغ بچوں کے لئے کراچی میں یوتھ ولا قائم کی گئی ہے جہاں پانچ ہزار بچوں کو رہائش دی جا سکتی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کے نادار لوگوں کی بہتری کے لئے احساس پروگرام شروع کیا ہے۔

اعظم خان سواتی نے کہا کہ سکولوں میں داخلے کی حوصلہ افزائی کے لئے ملک بھر کے پچاس ضلعوں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایک اور پروگرام وسیلہ تعلیم چلایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ کرنے والے غیرمستحق سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد میں نشاندہی کی گئی ہے جس سے یہ پروگرام مزید شفاف ہو گا۔

سینیٹ کے چیئرمین نے پارلیمانی امور کے وزیر کو ان افسران کی مکمل فہرست فراہم کرنے کی ہدایت کی جو دھوکہ دہی کے ساتھ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ کر رہے ہیں۔

کوئٹہ سے بلوچستان کے دیگر شہروں تک فضائی پروازوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ہوا بازی کے وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ پی آئی اے منڈی کے اشاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئٹہ سے گوادر اور تربت کے لئے پروازیں شروع کرے گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 47 پائلٹ کنٹریکٹ کی بنیاد پر پی آئی اے میں کام کر رہے ہیں جن کی عمر 60 سال سے زائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ پائلٹوں کی دوبارہ بھرتی کا فیصلہ گزشتہ حکومت نے کیا تھا جس کی سپریم کورٹ نے توثیق کی تھی۔

قومی تحفظ خوراک اور تحقیق کے وزیر خسرو بختیار نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ملک کے بعض حصوں میں گندم کی مصنوعی قلت کے خاتمے کے لئے ایک طریقہ کار وضع کیا ہے۔

سینیٹ میں ایک تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری شعبے میں چالیس لاکھ ٹن گندم موجود ہے اور ملک میں گندم کا کوئی بحران نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں آٹے کی قیمت 60 روپے سے کم کر کے 54 روپے کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے کم سے کم اعانتی قیمت 1300 روپے سے 1365 روپے فی چالیس کلوگرام کر دی ہے۔ ایوان کا اجلاس اب 24 جنوری کو دن ساڑھے دس بجے پھر ہو گا۔

یہ بھی چیک کریں

پی ایس ایل 5: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

پی ایس ایل 5: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ کے 5ویں ایڈیشن کے 5ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان …

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons