تازہ ترین

چینی صدر کی جانب سے پروفیسر عطا الرحمن کیلئے چین کا اعلیٰ سائنٹیفک ایوارڈ

پاکستان کے معروف سائنسدان اور تعلیم دان پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن کو چینی صدر شی جن پھنگ نے چین کے سب سے ’اعلیٰ سائنٹیفک ایوارڈ‘ سے نوازا۔

پاکستان کے معروف سائنسدان اور تعلیم دان پروفیسرڈاکٹر عطاالرحمن کو اُن کے علمِ کیمیاء کے شعبے میں گراں قدر قومی خدمات کے اعتراف میں چینی صدر نے جمعہ (7جنوری) کو چین کا سب سے ’اعلیٰ سائنٹیفک ایوارڈ‘ گریٹ پیوپلز ہال بیجنگ میں دیا۔ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان نے جمعہ کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا کہ پروفیسرعطاالرحمن کو ’’چائنا انٹرنیشنل سائینس اینڈ ٹیکنالوجی کوآپریشن ایوارڈ‘‘ برائے سال 2020ء اُن کے علمِ کیمیاء کے شعبے میں گراں قدر قومی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چین اور ملائیشیاء میں پروفیسرڈاکٹر عطاالرحمن کے نام سے متعدد تحقیقی ادارے قائم کیے جاچکے ہیں، آج کل پروفیسر عطاالرحمن وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین، سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے قیام کے لیے ٹاسک فورس کے وائس چیئرمین اور ٹاسک فورس برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کوچیئرمین کے عہدوں پر فائز ہیں جبکہ ماضی میں چیئرمین اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان اور وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے مناصب پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

پروفیسر عطاالرحمن نے نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، اس ضمن میں ان کی 1250 سے زیادہ بین الاقوامی اشاعتیں، نامیاتی و غیر نامیاتی کیمیاء، این ایم آر اسپیکٹرواسکوپی اور نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے موضوعات پر امریکہ، یورپ اور جاپان میں طباعت شدہ 341کتب اور بین الاقوامی سائنسی جرائد میں775 سے زیادہ تحقیقی اشاعتیں قابل ذکر ہیں، 45 پیٹنٹ بھی ان کے نام ہیں۔
ان کی زیرِ نگرانی82 طالب علموں نے پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی ہے۔

پروفیسر عطاالرحمن آٹھ یورپی ریسرچ جرنل کے مدیِرِ اعلیٰ ہیں جبکہ متعلقہ مضمون سے متعلق دنیا کی نمایاں انسائکلوپیڈیا کے مدیر بھی ہیں۔ پروفیسر عطاالرحمن کو نہ صرف بین الاقوامی ایوارڈ حاصل ہوئے ہیں بلکہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے انہیں تمغہٴ امتیاز، ستارہٴ امتیاز، ہلالِ امتیاز اور نشانِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اورآئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے پروفیسر عطاالرحمن کو مبارکبا دیتے ہوئے اس ایوارڈ کو نہ صرف جامعہ کراچی بلکہ پوری قوم کے لیے اعزاز قراردیا ہے۔

یہ بھی چیک کریں

بچپن میں ٹی بی کی ویکسین لگوانے والوں میں کرونا وائرس کا خطرہ کم ہے، امریکی ماہرین

بچپن میں ٹی بی کی ویکسین لگوانے والوں میں کرونا وائرس کا خطرہ کم ہے، امریکی ماہرین

امریکا میں کی گئی نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جن ممالک میں …

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons