اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا

اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا

لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔

لاہور میں سی پیک کے تحت تعمیر کی گئی اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے لاہور اور بیجنگ میں بیک وقت منعقدہ خصوصی تقریبات کو بذریعہ ویڈیو لنک ایکدوسرے سے منسلک کیا گیا۔

لاہور میں منعقدہ تقریب میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے، جبکہ بیجنگ میں چین کے قومی کمیشن برائے ترقی و اصلاحات سُو وئی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاہور میں عالمی معیار کی ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تعاون کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور چین کی نجی کمپنیوں کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

اس موقع پر لاہور میں تعینات چینی کونسل جنرل لونگ دِنگ بِنگ نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سی پیک کی تعمیر میں ایک اور نتیجہ خیز کامیابی اور دونوں ممالک کے مابین سٹریٹجک تعاون کا ٹھوس مظہر بھی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب کھچی نے بتایا کہ اورنج لائن ٹرین کو1.45 ارب ڈالر میں مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اس منصوبے پر 5 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔

تقریب میں سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ اور پاکستان میں تعینات چین کے قائم مقام سفیر پھانگ چھون شوئے کے علاوہ چین اور پاکستان کے دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

اورنج ٹرین میٹرو ٹرین کا شمار جنوبی ایشیاء میں آمدو رفت کے جدید ذرائع میں کیا جاتا ہے۔ اس کا ٹریک 27.1 کلومیٹر طویل اور 26 اسٹیشنز پر مشتمل ہے، جس کے تمام راستوں پر اور ٹرین کے اندر کیمرے نصب ہیں۔

اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے 27 جديد ٹرينيں چين سے منگوائی گئی ہیں، جبکہ ہر ٹرين میں 5 بوگياں ہیں اور ايک بوگی ميں 60 نشستیں موجود ہیں۔ اس منصوبے کو عوامی جمہوریہ چین کی حکومت، چینی ادارے سی آر نورینکو، نیسپاک، پی ایم اے، لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے مشترکہ تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔

یہ خبر پڑھیئے

دنیا میں کرونا کے 4 کروڑ 39 لاکھ 80 ہزار مریض صحتیاب

دنیا میں کرونا کے 4 کروڑ 39 لاکھ 80 ہزار مریض صحتیاب

عالمی وباء کرونا وائرس کے سبب دنیا میں 6 کروڑ 35 لاکھ 84 ہزار سے …

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons