تازہ ترین
اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرنیوالوں کو مدد فراہم کی جائیگی، وزیر خارجہ

اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرنیوالوں کو مدد فراہم کی جائیگی، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور خاص طور پر سی پیک کے تحت بننے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے خواہشمندوں کو ہر طرح کی مدد اور سہولت فراہم کی جائے گی۔

 ایک پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ بات آج چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق سے ملاقات کے دوران کہی۔

اس موقع پر فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد عامر سلیمی اور دیگر سینئر افسران اور ماہرین بھی موجود تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے توانائی، زراعت، صحت، تعلیم اور تعمیراتی شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

حکومت کرونا وائرس وباء کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں ایک جامع حکمت عملی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور ٹریڈ ڈپلومیسی کے تحت سفاتخانوں کے ذریعے دنیا کو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے دستیاب منافع بخش کاروباری مواقع سے آگاہ کرنے کیلئے مہم شروع کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور توانائی کی پیداوار پر توجہ دی گئی جبکہ دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون اور سماجی و معاشی ترقی ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ خصوصی اقتصادی زونز اور ترجیحی زونز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور فیڈمک کے تحت علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی بھی ان مقاصد کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔

وزیر خارجہ نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے پر میاں کاشف اشفاق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لئے پورے خطے خصوصاً وسطی ایشیائی ممالک اور افغانستان کے سرمایہ کاروں کے ساتھ باہمی تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پورے خطے کے لئے گیم چینجر منصوبہ ہے اور امریکہ سمیت کسی بھی ملک پر سی پیک کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

یہ بھی چیک کریں

حقائق سے ثابت ہے کہ چین نے وبا کے بارے میں کچھ نہیں چھپایا

حقائق سے ثابت ہے کہ چین نے وبا کے بارے میں کچھ نہیں چھپایا

دو جون کو چینی صدر شی جن پھنگ کی صدارت میں منعقد ہونے والے ایک …

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons