تازہ ترین
blank

بیجنگ – چین کا دارلحکومت

چین کے شمال مشرق میں واقع بیجنگ شہر عوامی جمہوریہ چین کا دارلحکومت اور سیاسی، تعلیمی اور ثقافتی مرکز ہے۔ یہ شنگھائی کے بعد چین کا دوسرا بڑا شہر اور چین کے چار عظیم قدیم دارالخلافوں میں سے ایک ہے۔ قدیم اور ثقافتی شہر ہونے کے ناطے یہاں سیروسیاحت کے مقامات کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ بیجنگ کے مشہور ترین مقامات میں کوکونگ یعنی شہر ممنوعہ، دیوار چین،گرمائی محل، ٹیمپل آف ہیون اور تھیئن آن من سکوائر شامل ہیں۔

بیجنگ شہر کے وسط میں واقع کوکونگ ایک شاہی محل ہے جسے شہر ممنوعہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ محل چند سو سال پہلے تک چین کے دو شاہی خاندانوں مینگ اور چھینگ کے دور حکومت میں بنایا کیا گیا، جو منفرد طرز تعمیر کی بناء پر ایک الگ حیثیت رکھتا ہے۔ شہر ممنوعہ عالمی سطح پر محفوظ کی گئی سب سے بڑی اور کلی طور پر لکڑی سے تعمیر کی گئی قدیم عمارتوں پر مشتمل ہے۔  روایت کے مطابق یہاں محل میں تعمیر کئے گئے کمروں کی تعداد 9 ہزار 999 اعشاریہ 5 ہے۔ اس تعداد کی وجہ یہ ہے کہ چین کی قدیم افسانوی داستانوں میں کہا جاتا ہے کہ جنت میں شہنشاہ کے محل میں 10 ہزار کمرے ہوں گے۔  اسلئے دنیا میں بادشاہ نے آسمانی شہنشاہ کے احترام میں اپنے محل میں آدھا کمرہ کم کرتے ہوئے 9 ہزار 999 اور ایک نصف کمرہ تعمیر کروایا۔ شہر ممنوعہ کے محل کی سرخ دیواریں اور سنہری رنگ کی ٹائلیں اس کی سب سے اہم خصوصیات ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ بیجنگ حقیقت میں تو ایک شہر ہے، لیکن اس میں دو جہاں آباد ہیں۔ ایک زمین کے اوپر اور دوسرا زمین کے نیچے ، جسے بیجنگ سب وے کہا جاتا ہے۔ یہ دنیا میں سب وے کا دوسرا سب سے طویل نظام ہے۔ دنیا کیلئے حیران کن اور چین کیلئے خوش آئند بات یہ ہے کہ دنیا میں سب وے کا پہلا طویل ترین نظام بھی چین میں واقع ہے جسے شنگھائی میٹرو کہا جاتا ہے۔  بیجنگ کے 12 شہری اور مضافاتی اضلاع میں زیر زمین پھیلا ہوا یہ ریل نیٹ ورک 636.8 کلومیٹر طویل ہے، جو 391 اسٹیشنوں پر مشتمل ہے۔

بیجنگ میں فلک بوس عمارات اس قدر کثیر تعداد میں موجود ہیں کہ نیویارک کی سکائی لائن بھی ان کے سامنے ماند پڑتی دکھائی دیتی ہے۔ شہر میں زیادہ تر عمارتیں تقریباً ایک جیسی اونچائی کی حامل ہیں، جسے اندازاً 40 منزلوں پر محیط کہا جا سکتا ہے۔ شہر کی سڑکیں کشادہ، صاف ستھری اور ان کے اردگرد کی ہریالی مسلسل تراش خراش کی آئینہ دار ہے۔ چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات قائم کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے چینی دارالحکومت بیجنگ پہلی پسند ہے، جہاں دنیا بھر سے آنیوالے لوگ اپنے کاروبار یا ملازمت کر رہے ہیں۔

یہ بھی چیک کریں

blank

Guide to apply for Chinese Government Scholarship

Introduction to Chinese Government Scholarships In order to promote the mutual understanding, cooperation and exchanges …

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons