چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت دیہی علاقوں میں تیس ہسپتال تعمیر کیے جائیں گے، چینی سفیر

سی پیک کے تحت دیہی علاقوں میں تیس ہسپتال تعمیر کیے جائیں گے، چینی سفیر

پاکستان میں تعنات چین کے سفیر یاؤ چنگ نے بدعنوانی اور غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان کی حکومت کے عزم کو سراہا ہے۔

آج اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کے لئے اپنے مقاصد میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت پاکستان میں 37 مختلف شعبوں میں کام کررہی ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت دیہی علاقوں میں تیس ہسپتال تعمیر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرا ملک پاکستان سے غربت کے خاتمے کے لئے تعاون فراہم کرتا رہے گا انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لئے ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے غربت کے خاتمے کے لئے بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ہیں انہوں نے بنیادی ڈھانچے پر بھی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے منصوبہ بندی’ ترقی اور اصلاحات کی پارلیمانی سیکرٹری کنول شوذب نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے ذریعے غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو روشن مستقبل کے لئے فنی تعلیم دی جانی چاہیے۔ کنول شوذب نے کہا کہ حکومت نے ترقی اور خوشحالی کے اہداف کے حصول کے لئے صنعتوں کی ترقی پر مکمل توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کارروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر بے روزگاری کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں