پاک فضائیہ وطن کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، سربراہ پاک فضائیہ

پاک فضائیہ وطن کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، سربراہ پاک فضائیہ

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ فضائیہ وطن کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور اس نے قوم کی آواز پر ہمیشہ مکمل بہادری اور عزم سے جواب دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات سونمیانی فائرنگ رینج میں اسکواڈرنز کے درمیان نشانہ بنازی کے مقابلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی- فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کو موجودہ جنگی صلاحیتوں میں جدت اور توسیع کے علاوہ ملکی سطح پر خود انحصاری میں اعلی مقام کے حصول پر فخر ہے۔

کشمیر کی صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں- انہوں نے کہاکہ ہم صورتحال سے مکمل طور پر باخبر ہیں اور اپنے دفاعی اور حفاظتی اقدامات میں کمی نہیں کرسکتے۔ ادھر پاک فضائیہ کے گیارہویں کثیر المقاصد اسکواڈرن کو مقابلے میں بہترین اسکواڈرن قرار دیا گیا۔

مقابلہ اس ماہ کی دس تاریخ کو شروع ہوا جس میں پاک فضائیہ کے ہتھیاروں کے مختلف شعبوں کے جنگی پائلٹس نے درست نشانہ لگا کر اعلی سطح کی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ سخت مقابلے کے بعد گیارہویں کثیرالمقاصد اسکواڈرن نے سب سے زیادہ نمبر حاصل کیئے اور مقابلے کی فاتح قرار پائی۔

پہلی بار نشانہ بنازی کی بہترین ٹرافی متعارف کرائی گئی جو اسکواڈرن نمبر دو اور آٹھ کو مشترکہ طورپر دی گئی جبکہ نمبر چودہ اسکواڈرن نے MAINTENANCE ٹرافی جیتی۔ ونگ کمانڈر نعمان اکرم کو مقابلے میں بہترین نشانہ بازی پر شیرافگن ٹرافی کا اعزاز دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں