وزیراعظم آج کرتارپور راہداری کا افتتاح کر رہے ہیں

وزیراعظم آج کرتارپور راہداری کا افتتاح کر رہے ہیں

وزیراعظم عمران خان آج 9 نومبر کو کرتارپور راہداری کا افتتاح کررہے ہیں۔

انہوں نے ایک سال پہلے پاکستان اوربھارت کے درمیان اس راہداری کی تعمیرکامنصوبہ پیش کیاتھا جس کا مقصد بھارت سے پاکستان کے ضلع نارووال میں کرتارپورکے مقام پرگوردوارہ ڈیرہ صاحب آنیوالے سکھ یاتریوں کو سہولت فراہم کرناہے۔ راہداری باباگرونانک دیوجی کے پانچ سوپچاسویں جنم دن کی تقریبات کے موقع پرکھولی جارہی ہے جو منگل سے شروع ہورہی ہیں۔

اس راہداری کو زیروپوائنٹ کا نام دیا گیا ہے اور یہ دونوں ملکوں کے درمیان بہنے والے دریائے راوی پرایک کلومیٹرطویل پل پرمشتمل ہے۔ کرتارپور راہداری کا افتتاح پاکستان کے قومی شاعر اورمشہور فلسفی علامہ ڈاکٹرمحمداقبال کے یوم پیدائش کے موقع پرکیا جا رہا ہے جنہوں نے اپنے مجموعہ کلام بانگ درا میں تحریرکردہ نظم ”نانک” میں سکھوں کے روحانی پیشوا کو اُن کے وحدانیت کے عقائد پر نہایت عزت واحترام کے ساتھ پیش کیاہے۔

یہ شاندارمنصوبہ خطے میں قیام امن اوربین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے عمران خان کی ہدایات پرشروع کیا گیا اوراس کے لئے فنڈز مکمل طور پر پاکستان نے فراہم کئے ہیں اور یہ سکھ برادری کے لئے تحفہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے راہداری کے افتتاح اور گروجی کے جنم دن کے موقع پرپاکستان آنیوالے سکھ یاتریوں کو ہرممکن سہولت کی فراہمی کے لئے پاسپورٹ اورفیس کی شرائط ختم کردی ہیں۔

آج راہداری کے افتتاح کے موقع پرتقریباً سات عشروں بعد دس ہزارسکھ یاتریوں کا پہلا گروپ گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کرے گا جس کے بعد یومیہ پانچ ہزارسکھ یاتریوں کی آمدمتوقع ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کرتارپورراہداری کاافتتاح علاقائی امن کے قیام کے حوالے سے پاکستان کے پختہ عزم کامنہ بولتاثبوت ہے۔انہوں نے کرتارپورراہداری کھولنے کے موقع پراپنے پیغام میں کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ خطے کی خوشحالی اورآنے والی نسلوں کاروشن مستقبل امن میں مضمرہے۔سرحد کے آرپاراوردنیابھرمیں مقیم سکھ برادری کواس تاریخی دن پرمبارکباددیتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ باباگورونانک دیوجی کے پانچ سوپچاسویں جنم دن کے موقع پر سکھ برادری کیلئے راہداری کے افتتاح کی اہمیت مسلمان اپنے مذہبی مقامات کے تقدس کے حوالے سے بخوبی سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کرتارپورراہداری کاافتتاح اس حقیقت کامظہرہے کہ مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے لئے ہمارے دل ہمیشہ کھلے ہیں جس کاحکم ہمیں ہمارے عظیم مذہب نے دیا ہے اور جس کاتصوربابائے قوم نے پیش کیاتھا۔وزیراعظم نے کہاکہ آج ہم محض سرحدہی نہیں بلکہ سکھ برادری کے لئے اپنے دلوں کو بھی کھول رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کے اس شاندارجذبہ خیرسگالی سے باباگورونانک دیوجی اور سکھ برادری کے مذہبی جذبات کے لئے اس کے احترام کی عکاسی ہوتی ہے۔عمران خان نے کہاکہ پاکستان سمجھتا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی اورپُرامن بقائے باہمی سے برصغیرکے لوگوں کے وسیع ترمفادات کے لئے کام کرنے کاموقع فراہم ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں