وزیراعظم کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے تعین کیلئے طویل المدتی پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت

وزیراعظم کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے تعین کیلئے طویل المدتی پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد، قیمتوں کے تعین، کاشتکاروں کے زرعی مداخل کی لاگت میں کمی اور انہیں سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے طویل المدتی پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ ہدایت آج اسلام آباد میں گنے کے نرخ کے تعین سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کے زرعی مداخل کی قیمتیں کم کرنے کیلئے ترجیحی بنیاد پر پالیسی وضع کی جائے۔ عمران خان نے مسابقتی کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ قوانین کا جائزہ لے اور ایسی ترامیم لائی جائیں جن کے تحت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانے اور منڈی میں اجارہ داری کی حوصلہ شکنی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے اس مقصد کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

گنے کی قیمت مقرر کرنے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ گنے کی قیمت کا اس طریقے سے تعین کیا جائے کہ اس سے نہ صرف کسانوں کی حوصلہ افزائی ہو بلکہ اس کے ساتھ ایسے اقدامات بھی کئے جائیں جن سے منڈی میں چینی کی قیمت مستحکم بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زراعت اور صنعت دونوں شعبوں کی یکساں ترقی اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ زرعی شعبے کو مضبوط بنانا اور چھوٹے کسانوں کو سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں