سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، وزیر خارجہ

سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے-

وزیر خارجہ نے ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے جس سے ملک میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ بعض عناصر اس اہم منصوبے سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اس منصوبے کو انتہائی اہم تصور کرتی ہے اور اسے توسیع دی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ سری لنکا اور قطر کا دورہ کررہے ہیں تاکہ ان ملکوں کی قیادت کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے انسانی حقوق سے متعلق آزاد کمیشن نے اپنے اعلامیہ میں مقبوضہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کے مؤقف کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا جارہا ہے اور اس مسئلے پر امریکہ اور برطانیہ کے ایوانوں میں بحث کی گئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے بابری مسجد کیس میں بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک سوال پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے رقوم کی غیر قانونی منتقلی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس میں اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کے بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد ملک کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی فہرست سے نکلوانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں