خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی

خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں خصوصی افراد کے عالمی دن کے سلسلے میں پارلیمنٹ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کے لئے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں ایوان بالا اور ایوان زیریں دونوں کی نمائندگی ہو گی تاکہ خصوصی افراد کو قومی دھارے میں لایا جا سکے۔ سپیکر نے عزم ظاہر کیا کہ پارلیمنٹ میں ان تمام امور کو زیربحث لایا جائے گا جو قومی ترقی میں خصوصی افراد کی فعال شرکت کی راہ میں حائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کو سرکاری شعبے میں خصوصی افراد کے لئے مختص دو فیصد کوٹے پر نظرثانی کا کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کو بصارت سے محروم افراد کے لئے پڑھنے کے قابل بنایا جائے۔ سپیکر نے کہا کہ خصوصی افراد کو عمارت تک رسائی دینے کے لئے خصوصی راستے تعمیر کئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں