آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے میچ میں شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی

آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے میچ میں شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی

تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کر لی۔

آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 107 رنز کا ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 12ویں اوور میں پورا کر لیا۔ ڈیوڈ وارنر 48 اور ایرون فنچ 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں 10 وکٹوں سے تیسری شکست ہے، اس سے قبل جنوبی افریقا نے 2007ء میں جب کہ نیوزی لینڈ نے 2016ء میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا تھا جب کہ دوسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ قبل ازیں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور کپتان بابراعظم نے کیا لیکن قومی اوپنرز ایک بار پھر ناکام رہے اور بابراعظم 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، محمد رضوان بھی پہلی ہی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ حارث سہیل ایک بار پھر ناکام رہے اور انہوں نے 8 رنز بنائے۔

پہلا میچ کھیلنے والے خوشدل شاہ بھی صرف 8 رنز بنا سکے جب کہ عماد وسیم 6 اور شاداب خان ایک رن سے آگے نہ بڑھ سکے۔ صرف افتخار احمد نے آسٹریلوی بولرز کے سامنے مزاحمت دکھائی اور وہ 37 گیندوں پر 45 رنز بنا سکے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز اسکور کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں