بھارت کے غیرقانونی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر انسانیت کا مسئلہ بن گیا ہے، وزیراعظم

بھارت کےغیرقانونی اقدامات سے مقبوضہ کشمیرانسانیت کا مسئلہ بن گیا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کے غیرقانونی اقدامات کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر انسانیت کا مسئلہ بن گیا ہے۔

جمعہ کے روز سہ پہر مظفرآباد میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور بزرگوںسمیت مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ چالیس روز سے مسلسل کرفیو میں جی رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صرف نریندر مودی جیسا بزدل شخص ہی عوام کو محصور رکھنے کے اقدامات کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور آر ایس ایس جیسی ہندوانتہاپسند تنظیم نازی جرمنی جیسے اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام تر مظالم کے باوجود بھارتی حکومت کامیاب نہیں ہوگی کیونکہ کشمیری موت کے خوف سے بے نیاز ہو گئے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ نریندر مودی بچپن ہی سے آر ایس ایس کا رکن ہے۔ اس پارٹی کو ہندوستان صرف ہندوؤں کیلئے اور مسلمانوں سے نفرت کرنے کے نعرے کے تحت قائم کیا گیاتھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ کشمیر کے سفیر کی حیثیت سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت تمام بین الاقوامی فورموں میں کشمیر کی آواز کو بلند کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آر ایس ایس کی ذہنیت کو بے نقاب کرینگے۔عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی فوج کے مظالم سے انتہاپسندی بڑھے گی۔

عمران خان نے کہا کہ پہلی مرتبہ یورپی یونین نے بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان قراردادوں میں کشمیریوں کو رائے شماری کے ذریعے اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے پر زور دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی اٹھاون رکنی انسانی حقوق کونسل نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کیخلاف جاری مظالم کا اعتراف کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سینیٹروں نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھا ہے جس میں انہیں کشمیر کی صورتحال میں کردار ادا کرنے کیلئے کہا گیا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ کشمیری حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کرفیو اور محاصرے کا یہ چالیسواں دن ہے جس کے نتیجے میں کشمیریوں کی حالت انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ محرم کا مہینہ ہے اور حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانیاں ہمیں سکھاتی ہیں کہ ہمیں جابر کے سامنے کبھی سر نہیں جھکانا چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں